Monday, December 23, 2024
More
    Home Blog Page 4

    ہے مساوات کاپیام تمام

    0
    ہے مساوات کاپیام تمام
    کوئی آقا ہے یا غلام تمام
    دل ہے تازہ اُڑان بھرنے کو
    سوچ کا ہے یہیں قیام تمام
    میں گیا اُسکا کام کرنے کو
    کر دیا اُس نے میرا کام تمام
    کر دیا ہے جنوں نے آوارہ
    دشت پِھرتا رہا مُدام تمام
    شاعری میں سند بتانے کو
    ہے خُدائے سُخن کا نام تمام
    آؤحسان ایک کام کریں
    لُطف کو کرتے جائیں عام تمام
    ِحسان احمد اعوان
    No photo description available.
     
     
     
    All reactions:

    Dilawar Ali Aazar and 54 others

     

    کچھ عقل بھی رکھتا ہے جنوں زاد ہمارا

    0

     

    کچھ عقل بھی رکھتا ہے جنوں زاد ہمارا
    اب عشق میں پاگل نہیں فرہاد ہمارا
    خیموں سے اُبھرنے لگیں ماتم کی صدائیں
    اور ہم سے خفا ہو گیا سجاد ہمارا
    اِک پھول کے کھلنے سے بہت پہلے جہاں میں
    اِک خواب ہوا جاتا ہے برباد ہمارا
    اِک سوچ کہ محدود ہی رہتی ہے رہے گی
    اِک دل کا پرندہ ہے کہ آزاد ہمارا
    یہ بزمِ سُخن ساز سُخن ہی کی تگ و تاز
    سُنتا ہےکہاں  پر کوئی ارشاد ہمارا
    یہ تلخیء قسمت ہے کہ سانسوں کی عطا ہے
    آہوں سے بھرے دامنِ فریاد ہمارا
    ہم قافیہ پیما نہیں شاعر ہُوئے حسان
    اور میر تقی میر ہے اُستاد ہمارا
     
    حسان احمد اعوان

    تُو بس مرا ایک کام کر دے، کھنگال دل کو ، نِکال چہرے

    0

    کہیں تو بس اک خیال سا ہے کہیں ہیں زندہ مثال چہرے

    کتابِ ہستی کے ہر ورق پر بکھر گئے لازوال چہرے

    کہیں سراپا مُحبتیں ہیں ،کہیں ہیں جاں کا وبال چہرے

    ہماری عظمت کی داستاں بھی ،ہمارے دل کا زوال چہرے

    ہے کون ساقی یہ مے کہاں کی، کہاں سے جام و سبو ملے ہیں

    جنابِ واعظ! کمال روحیں، جنابِ زاہد! کمال چہرے

    شکاری بے خود، کمان ساکت ہے اور شَل ہیں کسی کے بازو

    صیاد خود اُن کے دام میں ہے غزال آنکھیں، غزال چہرے

    میں چھوڑ دوں گا یہ بُت پرستی چلوں گا مسجد میں ساتھ زاہد

    تُو بس مرا ایک کام کر دے، کھنگال دل کو ، نِکال چہرے

    حسان احمد اعوان

    خدا نے سُکھ کو مگر اپنے گھر سے جوڑا ہے

    0

    تمام سیاروں کو جیسے مہر سے جوڑا ہے

    مری جبیں کو ترے سنگِ در سے جوڑا ہے

    خدا نے خود کو بظاہر چُھپا کے رکھا ہے

    ہمارے دل کو نہ جانے کدھر سے جوڑا ہے

    وصال و ہجر کی ترتیب ہی الٹ دی تھی 

    اِدھر کا سلسلہ اُس نے اُدھر سے جوڑا ہے

    خدا نے سادہ قلم سے بنایا ہم سب کو

    ترے وجود کو اپنے ہُنر سے جوڑا ہے

     کہ چاند بھی تو ترے حُسن کا بھکاری ہے

    تمھارے حُسن کو کس نے قمر سے جوڑا ہے

    تمام لزتیں دُنیا کے دل میں رکھی ہیں

    خدا نے سُکھ کو مگر اپنے گھر سے جوڑا ہے

    تمام مِدحَتیں وقفِ بنامِ احمؐد ہیں

    تمام ذِکر کو اُس تاجورؐ سے جوڑا ہے

    حسان احمد اعوان

    دریا کی طرف دیکھ لو اک بار مرے یار

    0

    دریا کی طرف دیکھ لو اک بار مرے یار

    اک موج کہ کہتی ہے مرے یار مرے یار

    ویرانیِ گُلشن پہ ہی معمور ہے موسم

    مٹی سے نکلتے نہیں اشجار مرے یار

    کیا خاک کسی غیر پہ دل کو ہو بھروسا

    اپنے بھی ہوئے جاتے ہیں اَغیار مرے یار

    مقتل سی فضا رہتی ہے اس مُلک میں ہر دم 

    دیکھے ہیں  مناظر کئ خوں بار مرے یار

    ہم خاک نشینوں کی یہاں کون سُنے گا

    اونچے ہیں بہت خواب کے دربار مرے یار

    دیکھو یہ چلن ٹھیک نہیں عشق میں ہرگز

    وعدے سے مُکر جاتے ہو ہر بار مرے یار

    دو چار ہی الفاظ، محبت سے بھرے ہوں

    تو دشت کو کر دیتے ہیں گلزار مرے یار

    حسان ،جواں خُوب تری مشقِ سُخن ہے

    ہر روز کہے جاتے ہو اشعار مرے یار

    حسان احمد اعوان

     

    ایسے کُچھ لوگ بھی مٹی پہ اُتارے جائیں

    0

    ایسے کُچھ لوگ بھی مٹی پہ اُتارے جائیں

    دیکھ کر جن کو خدوخال سنوارے جائیں

    ایک ہی وصل کی تاثیر رہے گی قائم

    کون چاہے گا یہاں سال گزارے جائیں

    آنکھ ہے تیری  کہ صُورت کوئی قوسین کی ہے

    درمیاں آکے کہیں لوگ نہ مارے جائیں

    اِک جُنوں ہے کہ تُجھے پانا ہے دُنیا میں ہمیں

    چاہے اس عشق میں ہم لوگ بھی مارے جائیں

    ماہی اُس پار کھڑا آپ کی راہ تکتا ہے

    آپ تعظیم کریں اور کنارے جائیں

    اب مُیسر نہیں کوئی بھی ٹھکانہ ہم کو

    تُم بتاؤ کہ کہاں دوست تُمہارے جائیں

    چند شعروں کی ضرورت ہے اُنہیں خاطرِ دوست

    وہ بَضِد ہیں کہ وہ اشعار ہمارے جائیں

    روشنی چاہیے کُچھ دیر زرا اور ہمیں

    چاند رُک جائے یہیں اور ستارے جائیں

    حسان احمد اعوان

    یوں ہَوا میں تو مت اُچھال مجھے

    0

    اس نے بخشے ہیں خد و خال مجھے

    اور کیا چاہیے مثال مجھے

    اب تو تسخیر کرکے چھوڑے گا

    دل میں چُبھتا ہُوا سوال مجھے

    بے خبر خُود سے ہو گیا ہُوں مَیں

    ڈھونڈتا پھر رہا ہے حال مجھے

    زندگی مَیں بکھر نہ جاؤں کہیں

    یوں ہَوا میں تو مت اُچھال مجھے

    مشقِ غم تا حیات جاری رہی

    یوں ملا ہے مرا کمال مجھے

    اُنؐ کی اُمت کا میں بھی حصہ ہوں

    زندہ رکھتا ہے یہ خیال مجھے

    میں بھٹکتا ہوں جب بھی رستے سے

    کھینچتا ہے ترا خیال مُجھے

    نہیں مایوس اُس کی رحمت سے

    بخش دے گا وہ ذوالجلال مجھے

    حسان احمد اعوان

    کس نے کہا کہ آئے گی سرکار مُختلف

    0

    میں نے یہ سوچ رکھا تھا اس بار مُختلف

    اب مجھ کو شعر کہنا ہے بس یار مُختلف

    اچھا ہے خُوب رو ہے تِرا دوست میرے دوست

    میرا حبیب رکھتا ہے، معیار مُختلف

    کاسہ جو توڑ دے تو اسے مُعتَبَر گِنیں

    تُو جس سے مانگتا ہے وہ دربار مُختلف

    اب کے بھی انتخاب کریں گے پرانے لوگ

    کس نے کہا کہ آئے گی سرکار مُختلف

    میں نے تمام لفظ لکھے احتیاط سے

    میرے لیے ہو داد کا معیار مُختلف

    کتنے ہیں رنگ آتے نظر تجھ کو اک جگہ

    اک آدمی کے ہوتے ہیں کردار مُختلف؟

    سب کو ہے تیرے تیرِ نظر کا ہی انتظار

    اس میکدے میں سب ہیں سزاوار مُختلف

    حائل میرا وجود ہوا اُس کی راہ میں

    پھر اُس نے کر دیا یہ عجب وار مُختلف

    حسان احمد اعوان

    ستم گر یہ کیسی سزا چل رہی ہے

    0

    ستم گر یہ کیسی سزا چل رہی ہے

    حیات اب بہ سُوئےِ قضا چل رہی ہے

    وہ ہر لحظہ مشقِ ستم کر رہے ہیں

    یہاں اب بھی رسمِ وفا چل رہی ہے

    رہوں جامِ قُربت سے محروم کیونکر

    مری چشم تیری ادا چل رہی ہے

    مریضِ مُحبت رہا ہوں ازل سے

    تری دید اب بھی دوا چل رہی ہے

    یونہی بد گماں ہوں میں اپنے عمل پر

    مرا فعل، تیری رضا چل رہی ہے

    ہے لگتا تری زُلف میں خَم سا آیا

    تبھی یہ معطر فضا چل رہی ہے

    حسان احمد اعوان

    چشمِ خواہش سے بھی کچھ حُسن شناسائی ہو

    0

    چشمِ خواہش سے بھی کچھ حُسن شناسائی ہو

    کچھ تو اے جانِ غزَل دل کی پذیرائی ہو

    تم نے تو آنکھ ملانا ہے ملاتے رہنا

    کونسا میکدہ کھولا ہے کہ رسوائی ہو

    بہتی خوشبو کا نیا لَمس سمجھ میں آیا

    جوں صبا کوچہءجاناں سے گزر آئی ہو

    یہ جو اب راکھ ہوئے جاتے ہیں یادوں کے چراغ

    اِک سبب ہو بھی تو سکتا ہے کہ تنہائی ہو

    کیوں نہ اب میری نظر ُدور کے جلوے دیکھے

    تُم مری جان ، مرا منبعِ بینائی ہو

    حسان احمد اعوان